تعارف مدرسہ تعلیم القرآن

مدارس دینیہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانۂ مبارک کے اس چبوترے کی یادگار ہیں جہاں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ نے بیٹھ کر علم حاصل کیا تھا اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کی نسبت پر اس چبوترہ پر بیٹھ کر پڑھنے والوں کو اصحاب صفہ کہا جاتا ہے۔
یہ سب سے پہلا مدرسہ ہے جہاں صحابۂ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین نے علم کے پڑھنے پڑھانے کا آغاز کیا تھا۔ اس وقت سے آج تک خداوند کریم کے فضل و کرم سے یہ سلسلہ جاری و ساری ہے اور تشنگان علوم دینیہ ان مدارس عربیہ سے علم دین حاصل کر کے دین اسلام کی اشاعت و تبلیغ کا کام انجام دے رہے ہیں۔یہی دینی مدارس اسلام کے وہ حفاظتی قلعے اور دین کی نشر و اشاعت وتعلیم کے ایسے مراکز ہیں جن کی ہر قصبہ وگاؤں کو ضرورت ہے جہاں سے مسلمانوں کی دینی و تعلیمی ضروریات کی تکمیل ہوتی ہے انہی سے مکاتب ومدارس کو معلم اور مساجد کو ائمہ وحفاظ اور علاقوں کو صحیح مسائل بتانے والے اور دینی رہنمائی کرنے والے افراد میسر ہوتے ہیں اور ان ہی مدارس ومراکز کے ذریعہ غفلت و جہالت کی تاریکی دور ہوتی ہے دینی و دنیوی تعلیم اور روحانی حیثیت سے ان مدارس ومکاتب کی ضرورت اسپتالوں اور غذائی اشیاء کی دوکانوں سے بھی زیادہ ہے۔ کیونکہ ان کی غیر موجودگی سے صرف جسمانی اور مادی خسارہ ہوتا ہے جبکہ دینی مدارس ومکاتب کے نہ ہونے سے ایمان کو خطرہ دین کو ضرر اور روح کی ہلاکت اور آخرت کی خرابی کا اندیشہ ہے اور دنیوی زندگی میں کیا کیا نقصانات سامنے آتے ہیں سب پر روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ اس لئے اہل اسلام اور دین کا درد رکھنے والوں کا اولین فریضہ ہے کہ وہ ان دینی قلعوں کو مستحکم اور مضبوط بنانے میں اپنی تمام تر کوششوں اور توجہات کو ان مدارس ومکاتب کی طرف مبذول فرمائیں۔
مادی و استغراقی خود فراموشی کے اس دور میں دینی مدارس ہی اسلام کے وہ مراکز ہیں جو کہ نہ صرف قرآن و سنت کی حفاظت کا واحد ذریعہ ہیں بلکہ وہ ایسے افراد بھی تیار کر رہے ہیں جو کہ قرآن و حدیث کا گہر اعلم رکھنے کے ساتھ ساتھ دنیا کی چمک دمک سے بے نیاز رہ کر معمولی مشاہرات پر قناعت کر تے ہوئے دین مبین کی خدمات میں شب روز مشغول رہتے ہیں اور امت مسلمہ کے اندر آخرت کی فکر کا جذبہ پیدا کر نے کی عظیم جدوجہد ہی انکی زندگی کا نصب العین قرار پائی ہے جس کے نتیجہ میں آج نہ صرف اسلام کی شمع روشن ہے بلکہ پوری دنیا میں بندگان خدا حلقہ بگوش اسلام بھی ہو رہے ہیں۔
دینی مراکز کے اسی سلسلۃ الذہب کی ایک اہم کڑی آپکا محبوب ادارہ
مدرسہ اسلامیہ عربیہ تعلیم القرآن
موضع بلہیڑہ پوسٹ برست، تحصیل گھرونڈہ، ضلع کرنال(ہریانہ) بھی ہے جو مدارس کی نورانی فہرست اور طلائی زنجیر کی ایک اہم کڑی ہے ۔ مدرسہ ہٰذا کی سنگ بنیاد علاقہ کے علماء کرام کے ذریعہ سن ۱۴۲۱ھ مطابق ۲۰۰۰ء میںرکھی گئی اور مدرسہ ہذا میں تعلیم کا آغاز ہوا ۔ اس ادارہ کا مقصد صفہ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے مقاصد کوعملی جامہ پہنانا ہے الحمد للہ یہ اپنے دور قیام سے اب تک بحسن وخوبی اسلامی تعلیم و تربیت ، دینی تہذیب و ثقافت اور نبوی فکر و کردار کو فروغ بخشنے میں سرگرم عمل ہے۔ فالحمد للہ علی ذلک